"میں اُن خواتین سے پوچھتا ھوں کہ پچھلے پچاس ساٹھ سال کے دوران میں بُرقعہ آپ کے معاشرے سے آخر کس طرح رخصت ھُوا ھے ؟ کیا کبھی سڑکوں پر کوئی پولیس کھڑی کی گئی تھی جس نے زبردستی آپ کے بُرقعے اُتروائے ھوں ؟
اگر ایسا نہیں ھوا بلکہ صرف تعلیم اور مغربی تہذیب کے اثرات اور ماحول کے دباؤ نے آپ سے برقعے اتروائے ھیں ، تو ان شاٴاللہ جب اسلامی تعلیم پھیلے گی ، اسلامی تہذیب کو مغربی تہذیب کی جگہ فروغ نصیب ھو گا اور ماحول بدلے گا ، تو خود ان لباسوں میں پھرتے ھوئے شرم محسوس ھونے لگے گی ، جن میں خواتین آج پھر رھی ھیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ابتدائی اسلامی معاشرے میں بھی عورتوں کو مار مار کر پردہ نہیں کرایا گیا تھا ، بلکہ اللہ اور اسکے رسول (ص) کی تعلیمات نے جب عورتوں کے دلوں میں ایمان پیدا کر دیا تو عورتوں کو صرف یہ بتانا کافی ھو گیا کہ اللہ اور رسول (ص) کو بےحجابی پسند نہیں ھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اس کے بعد انھوں نے خود اپنی خوشی سے پردہ اختیار کر لیا ۔"
(سیّد ابوالاعلٰی مودودی رح ، دین اور خواتین )