View Single Post
Old 17-11-2013, 08:47 PM   #1
Wo Muslmaan Kahan Ghayab ho gaye? jo na Shia hain na Sunni hain?
.BZU. .BZU. is offline 17-11-2013, 08:47 PM

جو چند باتیں آج تک سمجھ میں نہیں آ سکیں ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ محمد علی شیعہ اور علی محمد سُنی ایک دوسرے پر چھری کیوں نکال لیتے ہیں اور اس کے بعد بھی دونوں کیوں سینہ ٹھونک کے کہتے ہیں کہ اللہ، رسول اور کتاب نہ شیعہ ہیں نہ سُنی بلکہ تینوں علامتیں مسلمانوں کی ہیں۔
تو پھر یہ مسلمان کہاں پائے جاتے ہیں جن کی یہ علامتیں ہیں۔ اور اگر یہ تینوں علامتیں مسلمانوں کی ہیں تو پھر شیعہ اور سُنی ان مسلمانوں کے درمیان کیسے گھس گئے اور وہ مسلمان کہاں غائب ہوگئے جو نہ شیعہ ہیں نہ سُنی؟


کہیں ایسا تو نہیں کہ مسلمانوں کے درمیان شیعوں اور سُنیوں کو مسلمان دشمن طاقتوں نے چھوڑ دیا ہو اور رفتہ رفتہ شیعہ اور سُنی اہلِ اسلام پر اس قدر غلبہ حاصل کر گئے ہوں کہ اہلِ اسلام نے اپنی بقا کے لیے اپنی شناخت ہی چھپا لی ہو۔
اس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ ان دنوں اگر کوئی خود کو صرف مسلمان کہنے پر مصر ہو تو شیعہ اور سُنی اسے مشکوک نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔ صورتِ حال اور پیچیدہ ہوجاتی ہے جب شناختی کارڈ پر لکھا ہو صمصام حیسن ولد عمر فاروق یا محمد عثمان ولد دلاور علی۔ تب پیٹھ سے کپڑا اٹھا کے دیکھا جاتا ہے یا پھر یہ کہ گلے میں تعویذ ہے کہ نہیں۔ شلوار ٹخنے سے اونچی ہے کہ نیچی۔ انگلی میں موجود انگوٹھی سادہ ہے کہ نقشین۔ بال چھوٹے ہیں کہ زلف نما ہیں۔ داڑھی دو مٹھی ہے کہ خشخشی۔
اور تب بھی اندازہ نہ ہو کہ مسلمانی کا یہ دعوے دار اصل میں شیعہ ہے کہ سُنی تو پھر دل ہی دل میں ٹاس کرکے فیصلہ کیا جاتا ہے کہ یہ داخلِ جنت ہوگا کہ واصلِ جہنم۔ اور پھر اس کا ٹکٹ کٹ جاتا ہے۔۔۔
متحدہ ہندوستان کا زمانہ اچھا تھا کہ برا یہ تو میں نہیں جانتا البتہ یہ سہولت ضرور تھی کہ رام گوپال، گورمیت سنگھ، ڈیوڈ فرنانڈیس، غلام علی اور جمشید جی بہروچا صاف پہچانے جاتے تھے اور انہیں اپنی بات کہنے سے پہلے مخاطب کو پیشگی تولنا نہیں پڑتا تھا۔ وجہ شائد یہ تھی کہ رنگ و نسل و مذہب کی بوقلمونی کے سبب ایک قدرتی سماجی توازن قائم تھا اور شدید سے شدید اختلاف یا جھگڑا جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے سے پہلے ہی راستے میں بجھ جایا کرتا تھا۔ یہ دوسری بات ہے کہ تقسیم کے وقت جو قتل وغارت ہوئی اس کی بنیاد عقیدے سے زیادہ سیاسی ایجنڈہ تھا۔
پاکستان میں بھی جب تک مشرقی پاکستان شامل رہا تو رنگ و نسل و عقیدے کا توازن کسی حد تک برقرار رہا اور کسی ایک انداز کی شدت پسندی پھیلنے سے قاصر رہی۔ مگر انیس سو اکہتر کے بعد جب یہ توازن یکطرفہ ہوگیا تو پھر بالا دست کو اپنی بالا دستی اور کمزور کو اپنی بقا کی تلاش نے بدگمانیوں کے راستے پر ڈال دیا۔

آپ دیکھیں کہ انیس سو اکہتر سے پہلے متحدہ پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا کیا گراف تھا اور انیس سو اکہتر کے بعد کے اکہرے پاکستان میں یہ گراف کہاں تک پہنچا۔ اور اب تو نام، پتہ، عقیدہ پوچھنے کی بھی ضرورت نہیں رہی۔ بدعقیدگی کی صفائی کے لیے خود کش ٹیکنالوجی متعارف ہو چکی ہے۔ اس سے بھی جو بچ جائے تو اس کے لیے ٹارگٹ کلنگ تیار ہے۔

میرے والد کے دوست شفیق علی خان سے تمام اہلِ محلہ تاحیات شاکی رہے۔ کیونکہ وہ ہر نماز کے بعد باآوازِ بلند دعا مانگتے تھے کہ اے اللہ اسلام کو شیعوں اور سُنیوں سے بچا لے ۔۔۔ لیکن جب چار جولائی انیس سو ستتر کو ان کا انتقال ہوا تو ایک نمازِ جنازہ جامع مسجد کے امام نے اور دوسری امام بارگاہ کے علامہ نے پڑھائی۔ اگلے روز ضیاء الحق کی حکومت آگئی۔



 
.BZU.'s Avatar
.BZU.


Join Date: Sep 2007
Location: near Govt College of Science Multan Pakistan
Posts: 9,693
Contact Number: Removed
Program / Discipline: BSIT
Class Roll Number: 07-15
Views: 1272
Reply With Quote